قبائلی تصادم میں نوابشاہ کے صحافی رضا محمد جمالی قتل

ضلع بینظیر آباد (نوابشاہ) کے نواحی شہر باندھی میں قبائلی تکرار پر ملزمان کی فائرنگ سے صحافی رضا محمد جمالی جاں بحق جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس اور مقامی صحافیوں کے مطابق جمالی اور کورائی برادری کے درمیان کافی عرصے سے قبائلی تصادم جاری ہے، پہلے بھی اسی تکرار میں مقتول صحافی رضا محمد جمالی کے بیٹے اور بھتیجے کو قتل کیا جا چکا ہے۔

پولیس کے مطابق 12 دسمبر کو مسلح ملزمان نے باندھی شہر میں فائرنگ کردی، جس سے باندھی پریس کلب کے سابق صدر جاں رضا محمد جمالی جاں بحق جب کہ ان کے ایک بھائی اور قریبی رشتے دار زخمی ہوگئے۔

ملزمان کی فائرنگ سے تینوں افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم رضا محمد جمالی اسپتال منتقل کیے جانے سے قبل ہی چل بسے جب کہ باقی دو افراد کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

صحافی کے قتل کے بعد جمالی برادری کے افراد نے لاش سمیت مہران ہائی وے پر سکھر- سعید آباد روٹ پر دھرنا دے کر ٹریفک کو روک دیا۔

پولیس کے مطابق مسلح ملزمان نے دوپہر میں باندھی شہر میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سابق صدر پریس کلب باندھی رضا محمد جمالی جاں بحق جبکہ ان کے بھائی محمد شریف جمالی اور کزن جیند جمالی زخمی ہو گئے۔

مقتول رضا محمد جمالی کے بیٹے شاہد رضا محمد اور بھائی بھتیجے بشیر جمالی کو بھی کچھ عرصہ قبل تصادم کے نتیجے میں کورائی برادری کے افراد نے قتل کردیا تھا۔

مقامی صحافیوں کے مطابق جمالی اور کورائی برادری میں گزشتہ 8 سال سے قبائلی تصادم جاری ہے، آٹھ سال قبل کورائی برادری کے ایک شخص کو جمالی قبیلے کے فرد نے قتل کیا تھا، جس کے بعد دونوں قبائل میں تصادم شروع ہوا۔