دو روزہ سندھ ادبی میلہ اختتام پذیر ہوگیا

Screenshot_20241219_111437_Facebook

صوبائی دارالحکومت کراچی میں سجا دو روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول (ایس ایل ایف) اختتام پذیر ہوگیا۔

فیسٹیول کا آغاز 14 دسمبر کی سہ پہر کو ہوا تھا، اس بار فیسٹیول کا انعقاد پہلی بار لیاقت میموریل لائبریری میں کیا گیا۔

میلے کا افتتاح صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے کیا تھا جب کہ افتتاحی تقریب میں مختلف مقررین نے بھی خطاب کیا تھا۔

رواں برس ساتواں ادبی میلہ تھا، سندھ ادبی میلے کا آغاز 2017 میں ہوا تھا۔

ماضی میں سندھی ادبی میلے کا فیسٹیول تین دن تک جاری رہتا تھا، اس بار میلے کو دو دن تک محدود کیا گیا۔

دو روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول کا آغاز

محکمہ ثقافت سندھ کے تعاون سے منعقد کیے گئے دو روزہ ادبی و ثقافتی میلے میں سندھ بھر کے افراد نے شرکت کی۔

فیسٹیول کے دوران ملک بھر سے ادبی، سیاسی، سماجی و ثقافتی شعبے کے ماہرین نے مختلف سیشنز کے دوران خطاب کیا۔

میلے کے آخری روز سیاست، سماجیات، عوامی مسائل اور فنون لطیفہ سمیت مختلف موضوعات پر سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔

آخری روز بھی کتابوں کی رونمائی اور موسیقی کے ساتھ سندھ کا روایتی رقص بھی پیش کیا گیا جبکہ اسکیچز بینڈ کے معروف گلوکار سیف سمیجو نے جدید موسیقی کے امتزاج کیساتھ صوفیانہ کلام پیش کرکے ماحول پر وجد طاری کردیا۔

سندھی ادبی میلے کے آخری روز مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پرانے شعرا کے ہمراہ نئے دور کے نوجوان شعراء نے بھی اپنا کلام سنا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

دو دنوں تک لیاقت نیشنل لائبرری میں جاری رہنے والے سندھ لٹریچر فیسٹیول میں ادب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔

فیسٹیول میں سندھی آرٹ کے نمونوں کو بھی پیش کیا گیا جبکہ سندھ کی ثقافت، کتابوں اور روایتی دستکاری کے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے جو ہر آنے والے کی توجہ کا مرکز رہے۔

سندھ لٹریچر فیسٹیول کے بانی نصیر گوپانگ اور منیجنگ ڈائریکٹر زوہیب کاکا نے بھرپور تعاون کرنے پر فیسٹیول کے اختتام پر محکمہ ثقافت سندھ، سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سمیت دیگر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔