دو روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول کا آغاز

صوبائی دارالحکومت کراچی میں دو روزہ سندھ لٹریچر فیسٹیول (ایس ایل ایف) کا آغاز ہوگیا۔
فیسٹیول کا آغاز 14 دسمبر کی سہ پہر کو ہوا، اس بار فیسٹیول کا انعقاد پہلی بار لیاقت میموریل لائبریری میں ہوا ہے۔
میلے کا افتتاح صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے کیا جب کہ افتتاحی تقریب میں مختلف مقررین نے بھی خطاب کیا۔
رواں برس ساتواں ادبی میلہ ہے، سندھ ادبی میلے کا آغاز 2017 میں ہوا تھا۔
ماضی میں سندھی ادبی میلے کا فیسٹیول تین دن تک جاری رہتا تھا، اس بار میلے کو دو دن تک محدود کیا گیا ہے۔
محکمہ ثقافت سندھ کے تعاون سے منعقد کیے گئے دو روزہ ادبی و ثقافتی میلے میں سندھ بھر کے افراد شرکت کریں گے۔
فیسٹیول کے دوران ملک بھر سے ادبی، سیاسی، سماجی و ثقافتی شعبے کے ماہرین مختلف سیشنز کے دوران خطاب کریں گے۔
اس سال میلے کا تھیم، ’سیو انڈس، سیو لائف‘، رکھا گیا ہے، میلے میں دریائے سندھ کی بقا کے لیے خاص سیشنز بھی رکھے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے لٹریچر فیسٹیول جیسے فورمز کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو نوجوانوں کو بصیرت انگیز گفتگو اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میلے کا ساتواں ایڈیشن منفرد ہے کیونکہ اس میں دریائے سندھ کے معاملے پر گفتگو بھی شامل ہے، جسے انہوں نے سندھ کی بقا کے لیے اہم قرار دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دریائے سندھ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دو روزہ میلہ 15 دسمبر کی درمیانی شب تک جاری رہے گا۔