صحافی اے ڈی شر کے قتل کا مقدمہ درج، لڑکی سمیت 5 افراد گرفتار

IMG-20250411-WA0098

خیرپور کی تحصیل ٹھیری میرواہ میں قتل کیے گئے صحافی اللہ ڈنو المعروف اے ڈی شر کے قتل کا مقدمہ ٹھری میرواہ تھانے میں مقتول کے کزن کی فریاد پر درج کرلیا گیا جب کہ پولیس نے لڑکی سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ’ایس ایس پی‘ خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ صحافی کے قتل میں خاتون سمیت 5 افرادملوث ہیں، قتل کیس میں لڑکی اور ان کے 2 بھائی اور ان کےدوست شامل ہیں، گرفتارملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا، ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل اور مقتول صحافی کا موبائل فون بھی برآمد کرلیا۔

خیرپور میں صحافی کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل

انہوں نے بتایا کہ اے ڈی شر کا قتل لڑکی کے معاملے پر کیا گیا، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ادھر اے ڈی شر کے قتل کا مقدمہ ان کے کزن کی فریاد پر دائر کردیا گیا، جس میں 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا، جن میں سے پانچ نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزید 2 ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، پوری کوشش ہے کہ کیس شفافیت کی بنیاد پر عدالت تک پہنچائیں، کیس کی تفتیش جاری ہے۔