وحشت ناک، لاڑکانہ میں ملزم کا 6 ماہ کے بچے پر تشدد، مرچی کھلانے کی کوشش

VideoCapture_20250412-203202

لاڑکانہ میں وحشت ناک واقعے کے دوران ملزم کی جانب سے 6 ماہ بچے پر مبینہ تشدد کرکے اسے ہری مرچی کھانے پر مجبور کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

بچے کے والد وارث نے پولیس کو بتایا کہ بیوی سے جھگڑا ہوا تو وہ میکے لاڑکانہ چلی گئی تھی، بیوی کے بھائی نے دھمکیاں دیں کہ اسے طلاق دو، مجھے واٹس ایپ پر معصوم بچے پر تشدد کی ویڈیو بھیجی ہے۔

بچے کے والد نے کہا کہ بیٹے کو جھنجھوڑ کر زبردستی منہ میں ہری مرچ بھی ڈالی گئی، میرے بچے پر تشدد کی ویڈیوز بھیج کر مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں، پولیس میری مدد کرکے انصاف دلائے۔

معصوم بچے کے منہ میں مرچ ڈال کر تشدد کی وڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا کہا، جس پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزم شکیل احمد نے بھانجے کے منہ میں مرچ ڈال کر وڈیو بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وڈیو بہن کے ساتھ مار پیٹ کرنے والے بہنوئی کو سبق سکھانے کے لئے بنائی ان سے زیادہ تکلیف اسے ہوئی ہے، بہنوئی کو احساس ہونا چاہیے کسی کے بہن کے ساتھ ظلم کرو تو کیسا لگتا ہے۔

ماموں کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل بہن کی شادی کراچی کے رہائشی محمد وارث میرانی سے کروائی تھی، 14 ماہ میں بہنوئی نے 3 مرتبہ بہن کو مارا پیٹا اور گھر سے نکالا پھر خود ہی لوگ بھیج کر معافی تلافی کرتا ہے، اس مرتبہ پھر بہنوئی نے بہن کو گھر سے نکال دیا ہے بہنوئی کا ذہنی توازن خراب ہے۔

ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ نواحی علاقے میں بچے پر تشدد کرنے والا ایک ملزم گرفتار کرلیا، ملزم بچے کا نانا ہے، ماموں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔