کینالز کے خلاف احتجاج، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہی طلب

IMG-20250428-WA0011

دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے خلاف سندھ بھر میں جاری شدید احتجاج کے بعد وزیر اعظم نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس 2 مئی کے بجائے آج شام طلب کرلیا۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر گزشتہ ہفتے سی سی آئی کا اجلاس 2 مئی کو طلب کیا گیا تھا لیکن سندھ بھر میں جاری شدید مظاہروں کو دیکھتے ہوئے اجلاس 2 مئی کے بجائے آج طلب کرلیا گیا۔

اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں جب کہ دیگر صوبائی وزا اعلیٰ بھی وفاقی دارالحکومت پہنچ رہ ہیں۔

اجلاس کی صدارت وزیراعظم کریں گے، 6 کینالوں کے معاملے پر سندھ حکومت اپنا مؤقف رکھے گی، سی سی آئی سے نئی نہروں کی منسوخی کا فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔

کینالز کے خلاف وکلا، سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ببرلو بائی پاس سمیت متعدد مقامات پر دھرنے جاری ہیں جب کہ ایک روز قبل سندھ پولیس کی جانب سے متعدد شہروں میں کینالز کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی پر معاملہ مزید بگڑا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے سی سی آئی کا اجلاس ہنگامی طور پر طلب کرلیا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا سمیت 25 شرکاء کو خصوصی دعوت پر بلایا گیا ہے۔

وکلا اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے 18 اپریل سے سندھ پنجاب شاہراہ پر دھرنے جاری ہیں، جس سے ملک بھر کی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت بھی معطل ہے۔