ٹنڈو محمد خان میں زمینی تنازع پر معروف ادیب ڈاکٹر انور عالمانی قتل

ٹنڈو محمدخان کے قریب دیرینہ زمینی تنازع پر سندھی زبان کے معروف ادیب ڈاکٹر انور عالمانی کو قتل کردیا گیا۔
شیخ بھرکیو تھانے کی حدود گاؤں نم لیار نظامانی میں زمینی تنازع میں فائرنگ کے دوران ادیب ڈاکڑ انور عالمانی اپنے ہاری سمیت جاں بحق ہوگئے جب کہ دو افراد زخمی بھی ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی، ضلع بھر کے مختلف تھانوں کی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات پرکنٹرول کیا۔
پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو اپنی تحویل میں لے کر ڈسڑکٹ اسپتال ٹنڈو محمد خان منتقل کیا۔
اسپتال میں ابتدائی قانونی کاروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا گیا۔
ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان عابد علی بلوچ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔
زمین کے تنازع پر ہونے والے نظامانی اور عالمانی برادری کے جھگڑے میں فائرنگ کے نتیجے میں عالمانی برادری کے ڈاکڑ انور عالمانی اور اور احمد بارن قتل جبکہ علی محمد عالمانی، نعمت اللہ عالمانی زخمی ہوئے۔
پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عبدالوہاب عرف شینھں کو گرفتار کرلیا۔
زمینی تنازع میں معروف ادیب کے قتل پر سندھ بھر کے عوام نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔