کوٹڑی میں دریائے سندھ کے کنارے پر کشتی میں نصب ماہی گیر کا مجسمہ چوری

کوٹڑی اور حیدرآباد کو ملانے والے سندھو دریا کے پل کے قریب نصب ماہی گیر کا مجسمہ مبینہ طور پر چوری ہو گیا، جس پر سول سوسائٹی اور انتظامیہ نے تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ؐمذکورہ مجسمہ چند سال قبل ماہی گیروں کی محنت اور سندھو دریا سے ان کے تعلق کی علامت کے طور پر نصب کیا گیا تھا لیکن وہ گزشتہ روز اچانک غائب ہو گیا۔
کوٹڑی میونسپل انتظامیہ نے مجسمے کی چوری کی ابتدائی رپورٹ کوٹڑی تھانے میں درج کروا دی۔
میونسپل کمیٹی کے کونسلر جلال رند نے بتایا کہ انہیں مجسمے کے غائب ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں، اس کے چوری ہونے کا شبہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو بھی اس حرکت میں ملوث ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب، کوٹڑی کی ادبی، سیاسی اور سماجی تنظیموں نے مجسمے کی چوری کو انتظامیہ کی نااہلی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مجسمے کی چوری میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دی جائے۔