جیکب آباد کے سرکاری ملازمین سے بیگمات کی جانب سے لی گئی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم واپسی پر کام شروع

IMG-20250604-WA0003

جیکب آباد ضلع کے 1304ملازمین کی بیگمات کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لی گئی 16کروڑ 72لاکھ روپے کی وصولی کا کام شروع کردیا گیا۔

محکمہ تعلیم کے تدریسی و غیر تدریسی عملے سے امدادی رقم کی وصولی کے لئے ڈی ای او ضلع نے متعلقہ ڈی ڈی اوز کو احکامات جاری کردیے جب کہ ریونیو، صحت، پولیس اور دیگر محکموں کے ملازمین سے وصولی کے متعلقہ افسران نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔

جیکب آباد ضلع کے مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کی بیگمات کی جانب سے لی گئی رقم کو فوری طور پر واپس کرایا جائے گا، ضلع کے 1304ملازمین سے 16کروڑ 72لاکھ 29ہزار سے زائد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم کی وصولی کے وفاقی حکومت کی جانب سے احکامات کے بعد سرکاری ملازمین میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

محکمہ تعلیم ضلع جیکب آباد کے 642 ملازمین پر 7کروڑ 86 لاکھ 22ہزار اور68 پینشنر ز سے 79 لاکھ 39 ہزار کی امدادی رقم کی وصولی کے لئے ڈی او پرائمری سید ریاض شاہ اور ڈی او سیکنڈری محمد اسماعیل برڑو نے تحریری طور پر تعلقہ ایجوکیشن افسر میل و فیمیل ٹھل، گڑھی خیرو اور جیکب آباد کو احکامات جاری کردیے۔