ہندو مغوی ساگر کمار 45 دن بعد بازیاب

IMG-20230920-WA0000

ضلع کشمور سے اگست 2023 میں اغوا ہونے والے ہندو مغوی ساگر کمار 45 دن بعد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

ساگر کمار کو دیگر دو ہندو افراد سمیت 9 اگست کو کشمور سے اغوا کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ اغوا ہونے والے دو ہندو افراد کو پولیس نے رواں ماہ اس وقت بازیاب کروایا تھا جب ہندو برادری کی سربراہی میں کشمور میں تاریخی دھرنا دیا گیا تھا۔

دون دن کے دھرنے کے بعد پولیس نے ساگر کمار کے ساتھ اغوا ہونے والے مکھی جگدیش اور ان کے نواسے جے دیپ کو بازیاب کروایا تھا اور ہندو افراد کو ساگر کماری کی بازیابی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی اور اب پولیس نے انہیں بھی بازیاب کروالیا۔

ساگر کمار کو پولیس نے 20 ستمبر کو کشمور میں ورثا کے حوالے کیا۔

سینیئر سپرنٹنڈٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کشمور روحل کھوسو نے سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کو بتایا کہ ساگر کمار کو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد بازیاب کرایا گیا۔

سندھ بھر کے صرف 11 افراد تاحال مغوی ہیں، سندھ پولیس کا دعویٰ

ساگر کمار کی بازیابی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ ایک دن قبل ہی نگران صوبائی وزیر داخلہ برگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کشمور سمیت شکارپور اور لاڑکانہ کے کچے کے علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

ساگر کمار کی بازیابی کے بعد ان کے اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جب کہ کشمور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔