بختاور بھٹو زرداری کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش

بختاور بھٹو زرداری کے ہاں گزشتہ سال پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

سابق مرحوم وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، ان کے ہاں گزشتہ برس اکتوبر میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

بختاور بھٹو زرداری نے 6 اکتوبر کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے ہاں 5 اکتوبر کو دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، انہوں نے اولاد ہونے پر خدا کے شکرانے بھی ادا کیے اور اپنی پوسٹ میں شوہر کو بھی مینشن کیا۔

بختاور زرداری نے اپنی پوسٹ میں واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں کہاں بچے کی ولادت ہوئی، تاہم ذرائع کے مطابق انہوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں بچے کو جنم دیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی واضح نہیں کیاکہ اب ان کی اور بچے کی صحت کیسی ہے اور کیا انہوں نے بچے کو اسپتال میں جنم دیا تھا؟

بختاور بھٹو زرداری نے جنوری 2021 میں محمود چوہدری کے ساتھ بلاول ہاؤس کراچی میں شادی کی تھی، جس کے چند ہفتوں بعد وہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں۔


بختاور بھٹو زرداری کے ہاں شادی کے 9 ماہ بعد اکتوبر 2021 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام انہوں نے  مرحوم دادا ’حاکم علی زرداری‘ اور ماموں ’میر مرتضیٰ زرداری‘ کی نسبت سے ’میر حاکم محمود چوہدری رکھا تھا۔

بختاور بھٹو کے ہاں شادی کے دوسرے سال دوسرے بچے کی پیدائش پر متعدد شخصیات، سیاستدانوں، سماجی رہنماؤں اور ان کے مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔