سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ ڈالرز قرض لے گی
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ حکومت کو اگرچہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خطیر امداد مل چکی ہے، تاہم حکومت نے متاثرین کی مکمل بحالی اور ان کے گھروں کی تعمیر کے لیے عالمی بینک سے مزید 50 کروڑ امریکی ڈالرز لینے کا منصوبہ تیار کرلیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے آبائی علاقے سیہون کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت سندھ کو ملنے والی رقم ناکافی ہے اور سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے حکومت عالمی بینک سے 50 کروڑ امریکی ڈالر کا قرض حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ پانی کی نکاسی جلد مکمل ہو، اب تک 70 فیصد پانی نکل چکا ہے جبکہ مزید نکال رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے لوگ سیلاب کی تباہی کی وجہ سے بہت مشکل میں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ مچھر کالونی کراچی کا واقعہ افسوسناک ہے، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔