گورنر سندھ کا صوبے بھر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دلوانے کا اعلان
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایک لاکھ نوجوانوں کو مفت جدید آئی ٹی کورس کروانے کا اعلان کر دیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی مفت تربیت دی جائے گی اور ان کورسز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، میٹاورس اور ویب تھری شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی کلاسز عملی اور آن لائن بھی ہوں گی جن کا دورانیہ 6 گھنٹے ہو گا۔ جدید آئی ٹی کے مفت کورسز کرنے والے نوجوان ماہانہ 3 سے 5 لاکھ روپے کما سکیں گے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے کورسز میں حصہ لینے والے طلبا کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ 5 لاکھ نوجوانوں کا گورنر ہاؤس میں ٹیسٹ لیں گے اور پھر دو بیج میں کورسز کرائے جائیں گے اور ہر بیج میں 50، 50 ہزار طلبہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا وعدہ تو کسی اور نے کیا تھا لیکن اسے عملی جامہ میں نے پہنایا ہے اور مجھے امید ہے کہ میرا لگایا گیا پودا مستقبل میں ایک تناور درخت ضرور بنے گا۔
گورنر سندھ کی جانب سے اعلان کردہ کورسز میں حصہ لینے والے نوجوان ویب سائٹ www.governorsindh.com پر خود کو رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔