سندھ بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی تاریخ میں پہلی بار طلبہ کے لیے انٹرن شپ
صوبے کے مختلف سماجی اور اقتصادی شعبوں کے اعداد و شمار جمع کرنے اور پالیسی مرتب کرنے کے لیے تحقیقی معاونت فراہم کرنے والے ادارے ’سندھ بیورو آف اسٹیٹسٹکس‘ (ایس بی او ایس) کی تاریخ میں پہلی بار طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع دے دیے گئے۔
سندھ بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اسحاق انصاری نے اپنی فیس بک پوسٹ میں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران سندھ کی مختلف یونیورسٹی سے بھیجے گئے طلبہ سے ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار ادارے کی جانب سے طلبہ کو انٹرن شپ دی گئی۔
ادارے کی جانب سے ایک درجن سے زائد اسٹیٹسٹکس کے طلبہ کو انٹرن شپ فراہم کی گئی ہے جو موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران ادارے کے تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھائیں گے۔
انٹرن شپ کے لیے دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں کی یونیورسٹیز کے طلبہ کو منتخب کیا گیا ہے، جنہیں انٹرن شپ کے دوران معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
#SBS has made a history.
First time in history of the Sindh, Bureau of Statistics, the students of Statistics Departments from different universities of #Sindh are invited for summer internship.
Inspirational steep, well done@Ishaqueansari@MuradAliShahPPP@SindhGovtPk pic.twitter.com/PHwus9cSgo— Qazi Asif (@q_Asif) July 3, 2023
سندھ بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار صوبے کے طلبہ کو انٹرن شپ دیے جانے پر ادارے، ڈائریکٹر جنرل اور سندھ حکومت کی تعریفیں بھی کی گئیں۔
واضح رہے کہ سندھ بیورو آف اسٹیٹسٹکس کا قیام 1970 میں لایا گیا، یہ ادارہ صوبے کے سماجی اور اقتصادی شعبوں کے اعداد و شمار جمع کرنے سمیت پالیسی کے لیے حکومت سندھ کو معاونت فراہم کرتا ہے۔
یہ ادارہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے بعد صوبائی سطح کے سماجی اور اقتصادی شعبوں کے اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے بنایا گیا، یہ ادارہ وفاقی حکومت کو بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اسحاق انصاری اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت گلف مانیٹری کونسل (جی ایم سی) میں بھی اعلیٰ عہدے پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں اور ان کا شمار صوبے کے محنتی افسران میں ہوتا ہے۔