سندھ کی سیما حیدر کو بھارتی فلم میں کام کی پیش کش

بھارتی نوجوان کی محبت میں سندھ چھوڑ کر انڈیا جانے والی سیما غلام حیدر رند جکھرانی کو بولی وڈ کے فلم پروڈیوسر نے فلم میں کام کرنے کی پیش کش کردی۔

سیما غلام حیدر جولائی میں نیپال کے راستے بھارت پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے اترپردیش کے نوجوان سچن کے ساتھ رہائش اختیار کی تھی, بعد ازاں انیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ہندو رسومات کے مطابق نوجوان سے شادی بھی کرلی۔

سیما غلام حیدر سندھ کے دارالحکومت کراچی کی رہائشی ہیں اور وہ بچوں سمیت وہاں جاپہنچی تھیں، ان کے شوہر غلام حیدر جکھرانی سعودی عرب میں کماتے ہیں۔ خاتون کا آبائی تعلق ضلع خیرپور سے ہے جب کہ ان کے شوہر غلام حیدر کا تعلق ضلع جیکب آباد سے ہے۔

سندھ کی سیما حیدر نے بھارتی صدر سے شہریت دینے کی اپیل کردی

اگرچہ تاحال سیما حیدر کے بھارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے پر ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور وہاں کی حکومت کو ان کے پاکستانی جاسوس ہونے کا بھی شبہ ہے, تاہم اس باوجود وہاں کے ایک غیر معروف فلم ساز نے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کردی۔

فلم ساز امت جانی نے سیما حیدر کو فلم میں کام کرنے کی پیش کی ہے, امت جانی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں اپنا پروڈکشن ہاؤس چلاتے ہیں، جہاں پر وہ چھوٹے بجٹ کی فلموں سمیت گانوں، ڈراموں اور سیریز کی تیاری کرتے ہیں۔

فلم ساز کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہیں سیما حیدر کی مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب سیما حیدر کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ بتاتی ہیں کہ انہیں امت جانی نے فلم میں کام کی پیش کش کی ہے۔

مختصر ویڈیو میں سیما حیدر نے بتایا کہ ابھی وہ پریشان ہیں، وہ بہت سارے معاملات میں پھنسی ہوئی ہیں لیکن جیسے ہی وہ آزاد ہوں گی تو اسکرپٹ پڑھ کر فلم میں کام کریں گی۔