تیس سال بعد پہلی سندھی فیچر فلم ریلیز کے لیے تیار

تقریا تیس سال بعد پہلی سندھی فیچر فلم کو تیار کرلیا گیا جسے جلد ہی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

سندھی زبان کی آخری فیچر فلم 1997 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اب پہلی بار سندھی زبان کی آنے والی فلم ’سندھو جی گونج‘ (دریائے سندھ کے پانی کا شور) کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

مذکورہ فلم کے حوالے سے شوبز ویب سائٹ ڈان امیجز نے بتایا کہ اس کو مقبول اداکار شمعون عباسی، اختیار علی کلوڑ اور وجدان شاہ نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے جنوبی کوریا سمیت امریکی ملک ایکواڈور کی پروڈکشن کمپنی کی معاونت سے تیار کیا جا رہا ہے, اس کی ہدایات راہول اعجاز نے دی ہیں۔

فلم کی کہانی دریائے سندھ اور اس کے انسانوں کی زندگی پر پڑنے والے اثرات اور دریا کے انسانوں کے ساتھ تعلقات پر مبنی ہے، فلم کے ذریعے پانچ مختلف کہانیاں دکھائی جائیں گی۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں دو افراد کو دریائے سندھ کے کنارے پر بیٹھ کر دریا کو سندھ بھر کے عوام میں میں ممکنہ تقسیم کی بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فلم کو انگریزی ترجمے کے ساتھ پیش کیا جائے گا، تاہم اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں وجدان شاہ، انصار مہر اور ثمینہ سحر شامل ہیں تاہم اس میں دیگر کردار بھی شامل ہوں گے۔