سندھ حکومت کا پنک بسز کے لیے خواتین ڈرائیورز بھرتی کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت کی جانب سے دارالحکومت کراچی میں خواتین کے لئے مختص پنک بسوں کو چلانے کے لیے خواتین ڈرائیورز بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ، اور ماس ٹرانزٹ، شرجیل انعام میمن نے کراچی میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (SMTA) کے دسویں بورڈ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے دوران بورڈ کے نویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کابینہ کی منظوری کے بعد پیپلز بس سروس کے لیے سبسڈی فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک قابل ذکر قدم میں، ایس ایم ٹی اے بورڈ نے پنک بسز کے لئے خواتین ڈرائیوروں کے لیے تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا،

اس فیصلے کے تحت، خواتین ڈرائیورز خواتین مسافروں کے لیے پنک بسیں چلائیں گی، جس سے خواتین کے سفر کے دوران تحفظ اور سہولت کے احساس کو تقویت ملے گی۔

ایس ایم ٹی اے بورڈ کے اجلاس میں پیپلز بس سروس کے دوسرے مرحلے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز پر تبادلہ خیال کیا، جس میں 500 بسیں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس کا تعارف بھی شامل ہے۔

اجلاس کے دوران ریڈ لائن (بی آر ٹی) منصوبے میں پیش رفت کو بھی زیر غور لایا گیا۔ سندھ حکومت کا مقصد ریڈ لائن بی آر ٹی کی تکمیل کو تیز کرنا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ عوام اس جدید ٹرانسپورٹیشن سسٹم سے جلد مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال دیو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ، پی اینڈ ڈی کے نمائندے سکندر شیخ، سی ای او ٹرانس کراچی طفیل پلیجو سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو تمام شعبوں میں بااختیار بنانا چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے۔

خواتین بس ڈرائیوروں کی شمولیت سے نہ صرف صنفی مساوات کو فروغ ملے گا بلکہ خواتین کے سفر کے دوران تحفظ کے احساس کو بھی تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے دوسرے مرحلے کے نفاذ سے لوگوں کے سفری مسائل میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے عوام کو ریلیف اور سہولت ملے گی۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس متعارف کروانے سے نہ صرف ماحولیاتی اثرات مثبت ہوں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل کو تیز کرنے کا سندھ حکومت کا عزم عوامی نقل و حمل کو بہتر بنانے اور شہریوں کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔