ٹنڈو آدم میں ٹک ٹاکر افضل لُنڈ قتل

ضلع سانگھڑ کی تحصیل ٹنڈو آدم میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے ٹک ٹاکر باغی افضل لُنڈ کو قتل کردیا۔

باغی افضل لُنڈ معروف ٹک ٹاکر تھے، وہ نہ صرف شارٹ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن بلکہ فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی متحرک تھے۔

باغی افضل لُنڈ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے علاوہ سندھ کے سیاسی اور سماجی مسائل پر بھی آواز بلند کرتے رہتے تھے اور وہ ٹنڈو آدم کے نواحی شہر شہدادپور کے مائکرو فنانس بینک میں ملازم تھے۔

سندھی ٹی وی چینل ’ٹائم نیوز‘ کے مطابق باغی افضل لُنڈ کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ٹنڈو آدم شہر میں فائرنگ کرکے قتل کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقتول کے ہمراہ ان کے دوست بھی تھے جو کہ ان کے ساتھ بینک میں ملازمت کرتے تھے لیکن ملزمان نے صرف باغی افضل لُنڈ کو ہی قتل کیا۔

مقتول کے دوست آصف عمرانی نے میڈیا کو بتایا کہ جن ملزمان نے باغی افضل لُنڈ کو فائرنگ کرکے قتل کیا، انہوں نے دونوں کو بینک سے قرض لینے کے لیے فون کرکے بلایا تھا اور شناخت کرنے کے بعد ہی ان کے دوست پر فائرنگ کی گئی۔

ٹک ٹاکر کے قتل کے بعد ان کی لاش کو تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم منتقل کیا گیا، جہاں سے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ مقتول باغی افضل لُنڈ کا اصل تعلق ضلع خیرپور سے تھا اور وہ ملازمت کے سلسلے میں ٹنڈو آدم میں رہتے تھے۔

ٹک ٹاکر کے قتل کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور دوستوں نے بھی ٹوئٹس کیں اور ان کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

فوری طور پر پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ نے قتل کے واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔