سندھ کے داخلی و خارجی راستوں پر 10 اسپیشل چیک پوسٹس قائم کرنے کا حکم

سندھ کی نگران حکومت نے صوبے سے اسمگلنگ کو روکنے کے لیے دارالحکومت کراچی سمیت متعدد شہروں میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ 10 چیک پوسٹس قائم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق تمام چیک پوسٹس کو فیڈرل بورڈ آف ریوینیو(ایف بی آر) کے کسٹم قوانین کا تحفظ حاصل ہوگا اور تمام پوسٹس پر رینجرز اور پولیس مشترکہ طور پر تعینات ہوگی۔

مذکورہ چیک پوسٹس کا خصوصی مقصد اسمگلنگ کو روکنا ہے تاکہ صوبے سے کوئی چیز اسمگل ہوکر دوسرے صوبوں اور علاقوں میں نہ جا پائے اور دوسرے صوبوں کی اسمگل شدہ چیزیں سندھ میں نہ آ پائیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق دو چیک پوسٹس دارالحکومت کراچی جب کہ تین پوسٹس بلوچستان حب بارڈر پر بنائی جائیں گی جو کہ کراچی سے ملتا ہے۔

اسی طرح گھوٹکی ، جامشورو، قمبرشہدادکوٹ میں ایک ایک چیک پوسٹ قائم ہوگی جبکہ جیکب آباد اور کشمورمیں بھی ایک ایک چیک پوسٹ قائم ہوگی۔

سندھ حکومت کے مطابق چیک پوسٹوں کو ایف بی آر کسٹمزقوانین کے تحت لیگل اختیار ہوگا،چیک پوسٹوں کا مقصداسمگلنگ کی روک تھام اور قیام امن ہے۔