نگران وزیر اعلیٰ کا خیرپور اسپتال کا دورہ، نظام درہم برہم دیکھ کر ایم ایس کو ہٹادیا

نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سول اسپتال خیرپور کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر فنانس کو معطل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کا تبادلہ کرکے اسپتال کے امور کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا۔

نگران وزیر اعلی شمالی اضلاع کے دورے پر ہیں، گزشتہ روز وہ سکھر اسپتال بھی گئے تھے اور وہاں کے ایم ایس و ڈائریکٹر کو بھی انہوں نے معطل کردیا تھا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ سول اسپتال خیرپور کے مختلف وارڈز، لیبارٹری اور ریڈیولوجی کی صورت حال کا معائنہ کیا اور وہاں موجود مریضوں سے بات چیت بھی کی۔

نگران وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر ایمرجنسی وارڈ میں خواتین اور مرد مریض بغیر چادروں کے بستروں پر پڑے تھے، مرد اور خواتین مریضوں کے لیے کوئی الگ پورشن کا انتظام نہیں تھا۔

نگران وزیراعلیٰ کے دورے کے وقت بستر ادھر ادھر پڑے تھے اور آکسیجن موجود نہیں تھی اور یہاں تک کہ نیبولائزرز بھی ناکارہ تھے اور فرش پر پڑے ہوئے تھے جن پر دھول چڑھی ہوئی تھی۔

انہوں نے اسپتال کے کچن کا بھی معائنہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ 300 مریضوں کے لیے کھانا تیار کیا جاتا ہے لیکن درحقیقت وہاں کافی وقت سے کھانا نہیں بنایا جا رہا تھا۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈائریکٹر فنانس اسپتال کے گزشتہ چند ماہ کے دوران ہونے والے اخراجات بتانے میں ناکام رہے اور ان کے پاس ڈیوٹی پر موجود اور چھٹی پر گئے ہوئے ڈاکٹروں کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔

وزیراعلیٰ نے ڈائریکٹر فنانس کو معطل اور ایم ایس کا تبادلہ کرنے کا حکم دیا۔