نگران وزیر اعلیٰ کا سندھ پولیس کو ہر صورت میں پریا کماری بازیاب کروانے کا حکم

نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے سندھ پولیس کو حکم دیا ہے ہر صورت میں پریا کماری کو بازیاب کروایا جائے۔

خیال رہے کہ پریا کماری 10 محرم الحرام 19 اگست 2021 کو سکھر کے نواحی چھوٹے شہر سنگرار سے اس وقت لاپتا ہوگئی تھیں جب وہ اپنے گھر کے باہر گلی میں محرم کا جلوس نکالنے والوں کے لیے والد کے ہمراہ سبیل میں لوگوں کو پانی پلاتی دکھائی دی تھیں۔

پریا کماری اچانک اسی دن سبیل سے غائب ہوگئیں اور کئی کوششوں کے بعد جب وہ نہیں ملیں تو ان کے والد راجو مل نے سیکشن پولیس تھانے میں بیٹی کے اغوا کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) 13/2021 پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی شق نمبر 34/364 کے تحت درج کروائی اور پولیس نے بچی کی تلاش بھی شروع کردی لیکن دو سال میں کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہ نکلا۔

سندھ کا سوال: کم سن پریا کماری کہاں ہے؟

اب نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ہر صورت میں انہیں بازیاب کرانے کا حکم دے دیا

جسٹس(ر) مقبول باقر سے سکھر میں ہندو کمیونٹی کے رہنمائوں نے ملاقات کی، وفد میں کرسچن اور سکھ برادری کےافراد بھی شریک تھے۔

ملاقات میں نگران وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)حارث نواز ، وزیر آبپاشی ایشور لعل، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری حسن نقوی، ڈی آئی جی حمید کھوسو اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی معاشی، تعلیمی اور زرعی ترقی میں ہندو دوستوں کا بڑا اہم کردار ہے۔

اس موقع پر ہندو برادری نے انہیں شکایت کی کہ پریا کماری گذشتہ 30 مہینوں لاپتہ ہے۔

ایس ایس پی نے نگران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ پریا کماری کی بازیابی کے لیے 1000 سے زائد مشکوک افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی سکھر کو ہدایت کی کہ پریا کماری کو ہر صورت بازیاب کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی صورت اقلیتوں کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سندھ پولیس پریا کماری کی گمشدگی سے بے خبر

نگراںؒن وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ملک میں اقلیت کے بھی وہی حقوق ہیں جو اکثریت کے ہیں۔

سکھر میں عیسائی برادری نے وزیراعلیٰ سندھ سے چرچ کی مرمت اور 2 اسکولوں کی گرانٹ کا معاملہ اٹھایا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایس ایم کو چرچ اور اسکولوں کے مسائل کو فوری حل کرنےکے لیے اقدامات کی ہدایت دی۔

سکھ برادری کے لوگوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو گردوارا کے قریب سی سی ٹی وی کیمرا لگانے کی درخواست کی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے سی سی ٹی وی لگانے کے لیے میئر سکھر کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نےخیر پور کے علاقے پریالو میں پولیس پکٹ قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔

ہندو کمیونٹی کے لوگوں نے نصاب میں اپنے بچوں کو اُن کی مذہبی تعلیم دینے کی درخواست بھی کی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے اُن کو مذہبی تعلیم کے حوالے سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔