سندھ بھر میں ہندو برادری کا اپنی عید دیوالی پر تقریبات کا انعقاد
دنیا بھر کی طرح سندھ کی ہندو برادری بھی اپنے مذہبی تہوار دیوالی منا رہی ہے۔
سندھ حکومت نے دیوالی کے موقع پر 13 نومبر کو ہندی برادری کے ملازمین کے لیے عام تعطیل بھی کر رکھی ہے۔
دیوالی کے موقع پر نگران وزیر اعلی سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی۔
دیوالی جو دیپاولی اور عید چراغاں کے ناموں سے بھی معروف ہے ایک قدیم ہندو تہوار(کہیں کہیں تیوہار بھی کہا جاتا ہے) ہے.
دیوالی ہندوؤں کا سب سے بڑا تہوار ہے اور دنیا بھر میں اس مذہب کے پیروکار بڑے جوش و جذبے کے ساتھ اسے مناتے ہیں۔
دیوالی دراصل دیپاولی کا مختصر نام ہے جس کے لغوی معنی دیوں کی قطار ہوتا ہے اور اس لیے اسے روشنیوں کا تہوار کہا جاتا ہے۔ ہندوستان کا ہر تہوار تاریخی، مذہبی اور ثقافتی پس منظر رکھتا ہے اور دیوالی بھی اس سے علیحدہ نہیں۔
سندھ میں 13 نومبر کو ہندوؤں کے لیے دیوالی کی عام تعطیل کا اعلان
حکومت ہرسال دیوالی کےموقع پر ہندو برادری کے ملازمین اور مزدوروں کے لیے عام تعطیل کا اعلان کرتی ہے جب کہ ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ بھی جاری کی جاتی ہے#Diwali2023 #SindhMatters #SindhGovt https://t.co/ewKFNNw6aL— Sindh Matters – سندھ میٹرز (@SindhMatters) November 7, 2023
دیوالی کی سب سے عام اور معروف کہانی ایودھیا کے شہزادے رام اور ان کی شریک حیات رانی سیتا کی 14 سال کی جلاوطنی کے بعد ایودھیا لوٹنے کی ہے جب سارا شہر ان کے استقبال کے لیے امڈ پڑا تھا اور ایودھیا کے چپے چپے سے روشنی کی کرنیں پھوٹ رہی تھیں۔ آج بھی لوگ رام کی اس واپسی کا جشن دل کھول کر مناتے ہیں۔
دیوالی کا تہوار پانچ دن کا تہوار ہے جو دھن تیرس سے شروع ہوتا ہے اس دن لوگ سونا چاندی یا کسی بھی دھات کی خریداری کو نیک شگون مانتے ہیں۔ دوسرا دن نرک چتورداس، تیسرا دن دیوالی جبکہ چوتھا دن گووردھن پوجا اور پانچواں دن بھیادوج یعنی بہن بھائی کا ملاپ۔
دیوالی کا تہوار صرف روپے پیسے کی پوجا، روشنیوں کی چمک دمک، آتش بازی اور قمار بازی ہی نہیں بلکہ یہ مٹھائیوں کا زبردست تہوار بھی ہے۔
دیوالی کا تہوار جہاں عام آدمی کو خوشیوں سے ہمکنار کرتا ہے وہیں دکاندار بھی بڑی بے صبری سے دیوالی کا انتظار کرتا ہے۔ بازار نئے کپڑوں اور گھروں کے سجانے کے سامان سے اٹے رہتے ہیں۔