سانگھڑ کی خاتون ٹیچر مرد اساتذہ کی جانب سے ہراسانی کا شکار
ضلع سانگھڑ کے شہر ورکشاپ کے ہائر سیکنڈری اسکول کی خاتون ٹیچر فرخندا شاہین کو اسکول کے مرد اساتذہ کی جانب سے ہراساں اور بلیک میل کیے جانے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد اساتذہ کے خلاف پولیس رپورٹ درج کردی گئی۔
روزنامہ پنھنجی اخبار کے مطابق ہائر سیکنڈری اسکول کی ٹیچر فرخندا شاہین نے پولیس میں رپورٹ درج کروانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں اسکول کے اساتذہ راجا ندیم، فاروق احمد، ریاض اور وسیم شر انہیں ہراساں کرنے سمیت بلیک میل بھی کر رہے ہیں۔
خاتون ٹیچر کے بچوں کو پڑھانے کے دوران مذکورہ اساتذہ ان کی ویڈیوز بناکر انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔
فرخندا شاہین کے مطابق چند روز قبل بھی وہ بچوں کو پڑھا رہی تھیں کہ استاد راجا ندیم نے ان کی ویڈیو بنانا شروع کی اور منع کرنے پر انہوں نے لیڈی ٹیچر سے بدتمیری کی، جس وجہ سے کلاس کا ماحول بھی خراب ہوگیا اور طلبہ کے درمیان آنے پر معاملہ ٹھنڈا ہوا۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ اساتذہ انہیں ہراساں کرنے سمیت انہیں بلیک میل کر رہے ہیں، ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب الزام میں آنے والے اساتذہ نے خاتون ٹیچر کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خاتون ٹیچر کو کچھ دن قبل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) کی جانب سے تنبیہ کی گئی تھی، جس پر انہوں نے غصے میں آکر اساتذہ پر الزام لگادیا۔
دوسری جانب ڈی ای او نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے ہیڈماسٹر سے رپورٹ طلب کرلی جب کہ پولیس نے رپورٹ درج کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔