سانا کی سندھ میں انسانی حقوق کی حالت زار پر کانفرنس آئندہ ہفتے ہوگی

سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا (سانا) کی جانب سے سندھ میں انسانی حقوق کی حالت زار اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے اسباب جاننے کے لیے ایک کانفرنس آئندہ ہفتے 7 جنوری کو صوبائی دارالحکومت کراچی کے آرٹس کونسل میں ہوگی۔

سانا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک روزہ کانفرنس کے دوران صوبے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے عمل میں حائل رکاوٹوں اور اسباب جاننے کے عوامل سمیت سندھ میں خواتین کے خلاف تشدد اور نفرت سمیت انہیں آگے بڑھنے کے مواقع نہ دینے جیسے حساس موضوعات پر زیر حاصل گفتگو کی جائے گی۔

ایک روزہ کانفرنس کے دوران سندھ میں تعلیم اور صحت کی تباہی سمیت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نہ ہونے جیسے موضوعات کو بھی چھیڑا جائے گا جب کہ کانفرنس کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں خواتین اپنی کامیابی کی کہانیاں بھی پیش کریں گی۔

ایک روزہ کانفرنس میں سندھ کی نامور سیاسی، سماجی، ادبی اور ثقافتی شخصیات گفتگو کریں گی جب کہ نگران وزیر اطلاعات اور کراچی آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ افتتاحی خطاب کریں گے۔

سانا نے باشعور افراد کو اپنے اہل خانہ اور خصوصی طور پر نوجوان بچوں کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔