قائم علی شاہ انتخاب لڑنے والے سندھ کے معمر ترین سیاست دان

سندھ بھر سے عام انتخابات 2024 کے میدان میں اترنے والے اگرچہ زیادہ تر امیدوار ادھیڑ اور زائدالعمر ہیں لیکن صوبے سے بزرگ ترین امیدوار کا اعزاز پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو حاصل ہے۔

قائم علی شاہ صوبائی حلقہ پی ایس 26 خیرپور سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔

قائم علی شاہ پیپلز پارٹی کے بانی رہنماؤں میں سے ہیں، ان کی تاریخ پیدائش 13 ستمبر 1933 ہے، اس حساب سے سن کی عمر 90 برس ہے۔

قائم علی شاہ نے فوجی صدر جنرل ایوب کے دور میں 1959 کی بنیادی جمہوریت (بلدیاتی ممبر) کے الیکشن سے انتخابی سیاست شروع کی اور 1985 کے غیر جماعتی انتخابات کے سوا اب تک ہر انتخاب میں حصہ لیا اور بیشتر میں کامیاب رہے۔

سال 1970 کی آئین ساز و قانون ساز اسمبلی کے ممبر بننے کے بعد 1973 کی آئین ساز کمیٹی کے ممبر بھی بنے اور غالباً اس کمیٹی کے واحد حیات ممبر ہیں۔

وہ تین مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوئے اور امور کشمیر و گلگت بلتستان کے پہلے وفاقی وزیر بھی یہی ہیں۔

قائم علی شاہ 1960 میں ڈسٹرکٹ کونسل خیر پور کے منتخب چئیرمین، 1970 میں رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر، 1988 میں رکن سندھ اسمبلی اور وزیر اعلی سندھ ، 1990 ممبر سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر، 1997 میں سینیٹر، 2002 سے 2018 ممبر سندھ اسمبلی اور اس دوران 2002 سے 2007 تک اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر، 2008 سے 2016 تک وزیر اعلیٰ سندھ اور 2018 تک ممبر سندھ اسمبلی، جبکہ مجموعی طور تین مختلف ادوار میں تقریباً 26 سال تک پیپلز پارٹی سندھ کے صدر رہے ہیں۔

قائم علی شاہ کے مقابلے میں ان کی بھتیجی حنا شاہ جیلانی نے 2024 کے عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے دستبرداری اختیارکرلی اور اب قائم علی شاہ کے واضح جیتنے کے امکانات ہیں۔