ماستر کو ملے، گانا گانے والی گلوکارہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا

ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شبانہ کوئل کے نئے گانے (ماستر کو ملے) استاد کوئی مل جائے گانے پر انہیں، شاعر اور پروڈیوسر کو قانونی نوٹس بھجوادیا گیا۔

شبانہ کوئل سمیت دیگر گلوکارائیں نامناسب الفاظ یا دوسری کی دل آزاری کا سبب بننے والی شاعری پر مبنی گیت جاری کرتی رہتی ہیں اور ایسے گلوکاروں پر سندھ کے لوگ غصے کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل ہی شبانہ کوئل نے استاد (ٹیچر) کوئی مل جائے گانا ریلیز کیا تھا، جس میں گلوکارہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ انہیں محبت کے لیے کوئی ایسا ٹیچر مل جائے جو ان کے نخرے اور فرمائشیں پوری کرے۔

گلوکارہ کا گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا اور اس پر لوگوں نے مزاحیہ تبصرے بھی کیے تھے، تاہم ٹیچنگ کے شعبے سے وابستہ بعض افراد کی اس سے دل آزاری بھی ہوئی تھی، جنہوں نے اب گلوکارہ کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق خیرپور کے وکیل عطا حسین چانڈیو کی معرفت متعدد اساتذہ نے گلوکارہ شبانہ کوئل، گانے کے شاعر عابد سومرو، ایڈیٹر علی گل جسکانی، ڈائریکٹر آسی اختر برڑو، پروڈکشن انچارج اور چیف سلیکٹر پروڈکشن سمیت دیگر افراد کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ماستر کو ملے کی شاعری استادوں (ٹیچرز) کی دل آزاری کا سبب بن رہی ہے، اس سے ٹیچرز کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، اس لیے گانے کو سوشل میڈیا سے ہٹایا جائے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹیچرز کا پیشہ پیغمبری ہے اور اس پر ایسے مزاحیہ گانے تیار کرنا مناسب عمل نہیں۔