خیرپور میں لڑکی قرآن کے واسطے دے کر زندگی کی بھیک مانگتی رہیں، پھر بھی اسے قتل کردیا گیا
سندھ کے شمالی ضلع خیرپور کے قریب اندوہناک واقعے میں ملزم نے مقدس کتاب قرآن کے واسطے ملنے کے باوجود پسند کی شادی کرنے والی نوجوان بہن کو قتل کردیا۔
خیرپور کی تحصیل فیض گنج کے پکا چانگ پولیس تھانے کی حدود میں ملزم سجاد مشوری نے اپنی بہن 18 سالہ جنساراں کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔
سندھی اخبار کاوش کے مطابق جنساراں کچھ دن قبل اپنے ہی گائوں کے نوجوان سلیم کے ساتھ گھر سے نکل گئی تھیں اور انہوں نے پسند کی شادی کرلی تھی لیکن لڑکی کو برادری کے معتبر افراد نے واپس کروایا، جس کے بعد بھائی نے غیرت میں آکر بہن کو قتل کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مقتولہ اپنے بھائی کو مقدس کتاب قرآن کے واسطے دیتی رہیں اور اپنی زندگی کی بھیک مانگتی رہیں لیکن قاتل نے غیرت میں آکر اپنی بہن کو قتل کردیا۔
پولیس نے اطلاع پر لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثا کے حوالے کردیا جب کہ ملزم کو پسٹول سمیت گرفتار کرلیا، تاہم اس کے خلاف کوئی مقدمہ دائر نہیں کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مکمل تفتیش کے بعد مقدمہ دائر کرکے کیس کو آگے بڑھایا جائے گا جب کہ بیٹی کے قتل کے بعد لڑکی کے والد نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی بیٹی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، وہ بھائی سے لڑتی جھگڑتی تھیں، بھائی نے غصے میں آکر اسے قتل کیا۔
تاہم علاقہ مکینوں کے مطابق لڑکی کو پسند کی شادی کرنے کے معاملے پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جب کہ لڑکی اپنے قاتل کو مقدس کتاب قرآن پاک کے واسطے دے کر اپنی زندگی کی بھیک مانگتی رہیں۔