سندھ کے تمام اضلاع میں 6 ہزار اساتذہ کی اسامیاں خالی

سندھ کے تمام اضلاع میں پرائمری اسکول ٹیچرز (پی ایس ٹی) اور جونیئر اسکول ٹیچرز (جے ایس ٹی) کی تقریبا 6 ہزار اسامیاں
خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور تمام اضلاع کے افسران نے محکمہ تعلیم کو تفصیلات بھجوادیں۔

سندھ حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران ریکارڈ 30 ہزار سے زائد اساتذہ کو بھرتی بھی کیا ہے جب کہ کالج سائیڈ پر بھی لیکچرز کو بھرتی کیا گیا ہے، تاہم اس باوجود صوبے بھر میں ہزاروں اسامیاں خالی ہیں۔

سندھ میں گزشتہ تین سال کے دوران ہزاروں اساتذہ ریٹائرڈ بھی ہوئے ہیں جب کہ بعض اساتذہ کے انتقال اور ملازمتیں چھوڑ جانے سے بھی اسامیاں خالی ہوچکی ہیں۔

روزنامہ پنھنجی اخبار کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام ہی اضلاع سمیت حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نوابشاہ اور لاڑکانہ ڈویژنز کے بھی تمام اضلاع میں درجنوں اسامیاں خالی ہیں۔

محکمہ تعلیم کو موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے اختتام تک سندھ کے تمام اضلاع میں 5 ہزار 600 پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی کی اسامیاں خالی تھیں اور اگلے چند ماہ میں مزید درجنوں اسامیاں خالی ہونے کا امکان ہے۔

اندازے کے مطابق جون 2024 تک سندھ بھر میں 6 ہزار سے زائد پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی اسامیاں خالی ہوجائیں گی،یعنی سندھ کے تقریبا ہر ضلع میں 200 اسامیاں خالی ہوجائیں گی۔

سندھ بھرمیں 4 ہزار سے زائد پرائمری اسکول ٹیچرز جب کہ 2 ہزار سے زائد جونیئر اسکول ٹیچرز کی اسامیاں خالی ہیں اور ممکنہ طور پر مذکورہ خالی جگہوں پر آنے والی نئی حکومت کے دوسرے سال تک بھرتیاں شروع کی جائیں گی۔