حیدرآباد سے بھی تیل کے ذخائر دریافت

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل )نے سندھ جے ضلع حیدرآباد سے سونو ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز میں سونو – کنویں نمبر 9 کا کامیاب تجربہ کیا ہے ، کمپنی نے خام تیل کی حاصل شدہ نئی پیدا وار کوسسٹم میں شامل کر دیا۔

تین دن قب ضلع گھوٹکی کے شہر ڈھرکی کے قریب بھی گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع گھوٹکی، سانگھڑ، حیدرآباد، سجاول اور ٹنڈو الہ یار سے مختلف کمپنیوں نے متعدد بار تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔

اب او جی ڈی سی ایل ذرائع کے مطابق کمپنی کی جانب سے لوئر گرو فارمیشن کے اپر سینڈ (1B) میں ہائیڈرو کاربن کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے کنویں کو 2350 میٹر تک گہری کھدائی کی گئی۔ جہاں سے تیل کے ذخائر ملے۔

سونو کنواں نمبر – 9 ضلع حیدرآباد میں واقع ہے، او جی ڈی سی ایل سونو ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کا 100 فیصدی حصص کا ملکیتی آپریٹر ہے ۔

کنواں سونو-9 پہلا کنواں ہے جسے براہ راست الیکٹریکل سبمرسیبل پمپ (ای ایس پی )کے ساتھ کنویں کی لاگنگ اور پریشر ٹیسٹنگ کے ذریعے دستیاب وسائل سے مکمل کیا گیا۔

ابتدائی نتائج کے دوران مذکورہ کنویں سے 1850 بیرل یومیہ خام تیل کی پیداوار حاصل ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل الیکٹریکل سبمرسیبل پمپ کی جدید مصنوعی لفٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے اور اب تک سات کنویں الیکٹریکل سبمرسیبل پمپ کی ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جس کے نتیجے میں پیداواری سطح میں یہ قابل ذکر بہتری آئی۔