سندھ میں انتخابات میں دھاندلی پر پیر پگارا نے جیتی ہوئی دونوں نشستیں چھوڑ دیں
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے) اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل (پی ایم ایل ایف کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی (پیر پگارا) نے انتخابات میں دھاندلی پر احتجاجاً سندھ اسمبلی کی دو نشستیں چھوڑنےکا اعلان کردیا۔
صوبائی دارالحکومت کراچی میں پیر پگارا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنے کا اعلان بھی کیا۔
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ جب فیصلہ ہوچکا کہ سندھ پیپلزپارٹی کو دینا ہے تو یہ دو نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں۔
پیر پگارا نے دعویٰ کیا کہ مجھےکہا گیا کہ زرداری صاحب سے الائنس کرلو، نشستیں مل جائیں گی، منع کیا تو کہا کہ پھر جی ڈی اے کے سامنے صفر لکھا ہوا ہے، ایم کیو ایم کے سامنے15ہے۔
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھا، یہ ریٹرننگ افسران کا نہیں کسی اورکا کام ہے، ہم یہ 2 سیٹیں بھی واپس کر دیں گے، ہم قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں گے، ہمارے احتجاج میں ایمبولینس کوکوئی نہیں روکےگا، ہم کوئی خیرات کی سیٹیں نہیں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی دوست نے مشورہ دیا کہ جی ڈی اے ختم کردو، میں نےکہا کہ میں جی ڈی اے ختم نہیں کرسکتا۔
رہنما جی ڈی اے صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ ہم اگلی حکومت نہیں چلنے دیں گے، جب تک شفاف انتخابات نہیں ہوتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔