سندھ پبلک سروس کمیشن کے ٹاؤن آفیسرز کے نتائج جاری، 640 امیدوار کامیاب قرار

سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے تنازعات اور تنقید کے باوجود محکمہ بلدیات میں گریڈ 16 کے ٹاؤن آفیسرز (ٹی اوز) کے زبانی امتحان کے نتائج جاری کرتے ہوئے 640 امیدواروں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہیں تعینات کرنے کی سفارش کردی۔

ٹاؤن آفیسرز کے عہدوں کے لیے کمیشن نے گزشتہ برس تحریری امتحانات لیے تھے اور اکتوبر میں نتائج کا اعلان کیا تھا، جس پر ایس پی ایس سی پر نتایج کو تبدیل کرنے کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔

تحریری امتحانات میں فیل قرار دیے امیدواروں نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے خلاف سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینچ میں درخواست بھی دائر کی تھی لیکن اس باوجود اب کمیشن نے زبانی امتحان کے نتائج جاری کردیے، جن میں 640 امیدواروں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے انہیں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

کمیشن کے مطابق پاس ہونے والے امیدواروں میں 314 امیدوار دیہی سندھ، 210 امیدوار شہری سندھ، 21 دیہی سندھ معذور کوٹا، 02 شہری سندھ معزور کوٹا، 20 دیہی سندھ اقلیتی کوٹا، 02 شہری سندھ اقلیتی کوٹا، 29 دیہی سندھ خواتین کوٹا جب کہ 42 شہری سندھ خواتین کوٹا کے امیدوار شامل ہیں۔

سندھ پبلک سروس کمیشن پر میونسپل افسران کے عہدے فروخت کرنے کا الزام

مجموعی طور پر سندھ بھر میں ٹاؤن آفیسرز کی 698 پوسٹس خالی تھیں، جس پر کمیشن نے 640 امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر انہیں تعینات کرنے کی سفارش کی ہے جب کہ 48 سیٹیں اچھے امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے خالی چھوڑی گئی ہیں۔

سب سے زیادہ دیہی سندھ کی خواتین کی کوٹا اور شہری سندھ سے اقلیتوں کی کوٹا کی نشستیں خالی چھوڑ دی گئیں۔

ٹائون اور میونسپل افسر کی ملازمتوں کیلئے ایس پی ایس سی کو تین لاکھ درخواستیں موصول