پیپلز پارٹی کو خواتین کی 19 اور اقلیتوں کی 6 سندھ اسمبلی کی نشستیں ملیں گی
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے انتخابات میں 84 جنرل نشستوں پر جیت کے بعد پارٹی کو 19 خواتین جب کہ 6 اقلیتوں کی نشستیں ملیں گی۔
سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی 9 نشستیں ہیں، جس میں سے نصف سے زیادہ پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں گی اور ان پر رانا حمیر سنگھ، مکیش کمار چاولہ، گیانچند ایسرانی، شام سندر آڈوانی، سریندر ولاسائی اور نوید اینتھونی اقلیتی ارکان اسمبلی منتخب ہوجائیں گے۔
اسی طرح سندھ اسمبلی میں خواتین کی 29 میں سے 19 نشستیں پیپلز پارٹی کو ملیں گی، جن پر ماروی راشدی، ہیر سوہو، ندا کھوڑو، حنا دستگیر، ریحانہ لغاری، یاسمین شاہ، سیما خرم، نزھت پٹھان، فضیلہ لغاری، روما مشتاق اور عروبہ ربانی سمیت دیگر خواتین شامل ہیں۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی مجموعی خواتین کی تعداد 21 ہوجائے گی، ان کی دو خواتین فریال ٹالپر اور ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئی ہیں۔