ذوالفقار بھٹو کو قومی ہیرو قرار دیکر نشان بھٹو ایوارڈز شروع کیا جائے: سندھ اسمبلی سے قرارداد پاس

سندھ اسمبلی نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دینےباور بحالی جمہوریت کے لئے عظیم قربانیاں دینے پر سیاسی کارکنوں کو نشان بھٹو ایوارڈز سے نوازے جانے کی قرار داد منظور کرلی۔

سندھ اسمبلی نے 7 مارچ کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے سامنےآنے پر ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی٫ جس میں شہیدبھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کو قومی ہیرو قراردیا جائے اور بحالی جمہوریت کے لئے عظیم قربانیاں دینے سیاسی کارکنوں کو نشان بھٹو سے نوازا جائے۔

قرارداد قائد ایوان وزیر اعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے پیش کی تھی جس پر پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان اسمبلی نے بھی اظہار خیا ل کیا۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شا ہ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ اسمبلی میں یہ اہم قرارداد پیش کی گئی ہے۔ آج ہم بھٹو کے مزار پر حاضری بھی دے کر آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا جہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین میں ترمیم کی جائے۔اس ظلم کو ختم کرنے کیلئے آئینی ترمیم ضروری ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھٹو کوقومی جمہوری ہیرو قرار دیا جائے۔جو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں وہ تاریخ میں امر ہوجاتے ہیں شہید بھٹو بھی ایک ایسے ہی عظیم لیڈر ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ 45سال قبل ظلم و جبر کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والوں کو نشان ذوالفقار علی بھٹو شہیدبھی دیا جائے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور نومنتخب رکن اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ نا انصافی ہوئی تھی اور بعد میں ججوں نے تسلیم کیا کہ ہم سے دباو میں یہ فیصلہ کرایا گیاتھا۔

ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا قرار داد پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایسے ملک میں رہ رہے ہیں جہاں انصاف کا فقدان ہے وہ کورٹ جس نے یہ سزا دی اسے سزا کون دے گا۔ اگر وہ دنیا میں ہیں تو ان کو عبرت کا نشان بنانا چاہیے۔