زمین کی حوالگی سمیت نگران حکومت کے تمام فیصلوں پر نظرثانی ہوگی، مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ منتخب سندھ کابینا بننے کے بعد نگران صوبائی حکومت کے تمام پالیسی فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔
صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے فوج کی حمایت یافتہ کمپنی کی سندھ کی زمین دیے جانے کے نگران حکومت کے فیصلے کے سوال پر کہا کہ نگران حکومت کے مذکورہ فیصلے سمیت تمام فیصلوں پر نظر ثانی ہوگی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا قانون کے مطابق نگران حکومت ایسا کوئی کام نہیں کر سکتی جس کا اسے اختیار نہ ہو، پچھلی حکومت کے کاموں کو بھی نگران کابینہ نہیں چھیڑ سکتی تھی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ہماری اسکیمیں روک دیں تھیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں تھا، امن و امان کی صورتحال شہروں میں بہتر ہے نہ دیہی و کچے کے علاقے میں، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنا حکومت کا کام ہے، پولیس میں کچھ تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس پر مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس میں تبدیلیوں سمیت بیوروکریسی میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی اور رمضان المبارک میں 44 لاکھ خاندانوں کو ریلیف دے رہے ہیں، ہر خاندان کو 5 ہزار روپے نقد رقم دی جائے گی۔