یوم خواتین پر پہلی بار لاڑکانہ میں عورت مارچ کا انعقاد

عالمی یوم خواتین کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ سمیت دیگر شہروں میں خواتین اور سول سوسائٹی کی جانب سے مارچ، واک اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔

پہلی بار سندھ کے شمالی ضلع لاڑکانہ میں بھی خواتین کی جانب سے عورت مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات سے تعلق رکھنے والی خواتین اور مرد حضرات نے شرکت کی۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی عورت مارچ کا انعقاد کیا گیا اور تاریخی فیریئر ہال پر خواتین جمع ہوئیں اور انہوں نے اپنے حقوق کے لیے مظاہرہ بھی کیا۔

لاڑکانہ میں ہونے والے عورت مارچ میں مرد حضرات نے بھی خواتین کے شانہ بشانہ شرکت کی اور سندھ بھر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

عورت مارچ لاڑکانہ کے شرکا نے حکومت سندھ اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے کی نصف آبادی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کرے، خواتین کی شمولیت کے بغیر کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں ہوسکتی۔

لاڑکانہ میں پہلی بار عورت مارچ کے انعقاد پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے شمالی سندھ میں خواتین کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔