آصف علی زرداری کون ہیں؟ کن باتوں کی وجہ سے مشہور ہیں
سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے والے پہلے صدر بن رہے ہیں۔
پہلی مرتبہ انہوں نے ستمبر 2008 کو منصب صدارت کا حلف اٹھایا تھا، اس وقت کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے ان سے حلف لیا تھا اور ستمبر 2013 میں اپنے منصب کی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد آصف زرداری باوقار انداز سے رخصت ہوئے تھے۔
ان کے منصب صدارت کے دورانیہ میں 3 وزرائے اعظم نے ان کے ساتھ کام کیا جن میں یوسف رضاگیلانی، راجہ پرویز اشرف اور قائم مقام وزیراعظم کی حیثیت سے میر ہزار خان کھوسو شامل ہیں۔
سال 1988 میں محترمہ بینظیر بھٹو کی شادی کے بعد آصف زرداری ان کے ساتھ ہی وزیراعظم ہاؤس میں منتقل ہو گئے تھے تو اصل میں انہوں نے عملی اور پارلیمانی سیاست کا باقاعدہ آغاز اُسی وقت وزیراعظم ہاؤس سے کیا تھا۔
سال 1990 میں جب محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت کو برطرف کیا گیا تو اس کے بعد ہونے والے انتخابات میں آصف زرداری رکن قومی اسمبلی بنے۔
پھر سال 1993 میں نگران وزیراعظم بلخ شیر مزاری کی کابینہ میں بھی وزیر رہے۔ پھر بینظیر بھٹو کے دوسرے دور میں رکن قومی اسمبلی اور وزیر ماحولیات و سرمایہ کاری بھی بنے۔
سال 1997 سے 1999 تک وہ ایوان بالا کے بھی رکن رہے۔
وہ 2018 سے 2023 تک رکن قومی اسمبلی بھی رہے اور اب دوسری بار صدر بننے کا اعزاز حاصل کر رہے ہیں۔
بدعنوانی کی مبینہ الزامات میں 11سال جیل میں رہے٫- انہیں یاروں کا یار، ایک زرداری سب پہ بھاری سے لیکر مسٹر 10پرسنٹ کے ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے۔