سندھ کے مختلف شہروں میں پولیس پر ڈاکوؤں کےحملے، 2 اہلکار قتل، 5 زخمی

سندھ کے مختلف شیروں شکارپور، گھوٹکی اور بھریا روڈ میں پولیس پر ڈاکوؤں اور اسلحہ بردار ملزمان کے حملوں میں 2 اہلکار جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔

شکارپور ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر راکٹ سے حملہ کیا جس میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ناپرکوٹ پولیس تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر راکٹ داغا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس نے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کرکے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔

گھوٹکی میں اسلحہ بردار ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار اے ایس آئی غلام نبی سہتو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

اسی طرح بھریا روڈ کے کوٹ لالو تھانے میں بھی موٹر سائیکل سوار اے ایس آئی نور احمد لاشاری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

مجموعی طور پر سندھ کے مختلف شہروں میں پولیس پر حملوں میں دو اہلکار قتل جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔

اس کے علاوہ گھوٹکی اور شکار پور میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد ڈاکوؤں کی قید سے چار مغویوں کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔

دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کراچی، لاڑکانہ اور سکھر میں امن و امان کی صورتِ حال پر 6 اپریل کو جسٹس کمیٹی سندھ کی میٹنگ طلب کرلی۔

اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور کشمور ،کندھ کوٹ، شکار پور اور گھوٹکی کے ایس ایس پیز کو بھی کو طلب کیا گیا ہے جبکہ اجلاس میں سیف سٹی پروجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔