سندھ حکومت کی کارروائیاں، اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانے، مسافروں کو زائد کرایہ واپس دلوادیا

سندھ حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے زیادہ کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز پر جرمانہ عائد کردیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ نے ٹرانسپورٹرز پر 7 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا جب کہ 22 لاکھ روپے سے زائد اضافی کرائے کی رقم مسافروں کو واپس کروائی گئی۔

روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران نے سندھ بھر میں ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس، موٹروے پولیس کے تعاون سے کارروائیاں کیں۔

سیکریٹری پی ٹی اے، آر ٹی اے، اور ڈی آر ٹی اے سمیت دیگر فیلڈ افسران نے انٹر سٹی اور بین الصوبائی مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔

مہم کے دوران 1012 گاڑیاں چیک کی گئیں، مسافروں سے لی جانے والی 22 لاکھ 85 ہزار روپے کی اضافی رقم موقع پر ہی مسافروں کو واپس کروائی گئی۔

اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 7 لاکھ 32 ہزار کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ مسافروں کی رلیف کی فراہمی اور منصفانہ کرائے کی وصولی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح یے۔