سندھ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹس میں دینے کا منصوبہ تیار
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقوم کی بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقلی کا فریم ورک جاری کر دیا۔
ابتدائی طور پر ایک پائلٹ پرو گرام کے تحت سندھ کے دارلحکومت کراچی اور پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بی آئی ایس پی کے تقریباً تیس ہزار استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق مرکزی بینک نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقوم وصول کرنے والوں کو آن بورڈ لانے کے لیے فریم ورک جاری کر دیا تا کہ وہ سماجی بہبود کی ادائیگیاں اپنے اکاؤنٹس میں وصول کر سکیں۔
ترجمان کے مطابق اکاؤنٹس کو ملک بھر کے تمام بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں میں کھولا جا سکے گا، یہ فریم ورک بی آئی ایس پی اور بینکوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔
فریم ورک کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل تقریباً 93 لاکھ افراد اپنے علاقے کے نامزد بینکوں کی برانچوں میں ایک بار جا کر ’’بی آئی ایس پی سہولت اکاؤنٹ‘‘ کھول سکیں گے۔
بی آئی ایس پی نے اپنے استفادہ کنندگان کے علاقوں میں بینک کی برانچوں کی نشاندہی کر لی، تاہم ان افراد کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فریم ورک کا نفاذ مراحل میں کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر ایک پائلٹ مرحلہ کراچی اور لاہور میں شروع کیا جائے گا، جس کے تحت بی آئی ایس پی کے تقریباً تیس ہزار استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔
پائلٹ کے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد فریم ورک کے دائرہ کار کو بی آئی ایس پی کی مشاورت سے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔