سکھر بیراج کے دروازے تبدیل ہونگے، وہاں مشینری لگے گی
وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ پہلی بار سندھ حکومت گڈو بیراج کی طرح سکھر بیراج کےگیٹوں سے مینوئل طریقہ ختم کر کے مشینری سسٹم لگا رہی ہے۔
،یہ بات وزیر آبپاشی جام خان شورو نے سکھر بیراج کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
جام خان شورو کا مزید کہنا تھا کہ مشینری سسٹم لگنے سے سکھر بیراج کی ایک گیٹ سے 80 ٹن وزن کم ہوجائے گا، ہم 56 گیٹس پر مشینری سسٹم لگانے جارہے ہیں، سکھر بیراج کے گیٹس ری پلیس ہورہے ہیں۔
وزیرآبپاشی کا کہنا تھا کہ سکھر بیراج کا منصوبہ 2023 میں شروع ہوا تھا، جو چار سال تک چلیگا،سکھر بیراج پر 74 بلین روپے کی لاگت کا مرمتی کام چل رہا ہے،سکھر بیراج کی دروازوں سے لیکر مکمل مرمت کروائی جائے گی۔
وزیر آبپاشی کا کہنا تھا کہ سکھر بیراج پر سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے تعاون سے کام چل رہا ہے، سندھ کی معیشت اور روزگار کا دارومدارسکھر بیراج سے منسلک ہے، سکھر بیراج ایک ہی وقت 76 لاکھ ایکڑ زمین آباد کرتا ہے۔
جام خان شورو کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سکھر بیراج ہماری لائف لائن ہے،بیراج پر جو کام چل رہا ہےاس پرکوئی کمپرومائز نہیں کریں گے. صوبائی وزیر کے دورہ کے دوران سیکریٹری آبپاشی اور دیگر افسران بھی بھی موجود تھے۔