ملیر کے پرائمری اساتذہ ایک سال سے تنخواہوں سے محروم، حکام نے انہیں بھلا دیا
کراچی ڈویژن کے ضلع ملیر سمیت دیگر اضلاع کے بھرتی کیے گئے نئے پرائمری اساتذہ ایک سال سے تنخواہون کے بغیر کام کرنے پر مجبور ہیں۔
تنخواہوں کے بغیر کام کرنے والے بن قاسم ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے نئے بھرتی ہونے والے پرائمری اساتذہ فاقا کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
تنخواہوں کی عدم ادائگی کے باعث اساتذہ کے گھروں میں کئی مسائل پیدا ہوگئے۔
اساتذہ نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ہمیں محکمہ تعلیم میں میرٹ پر بھرتی کیا گیا اور جولائی 2023 سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں لیکن دس ماہ گزرنے کے باوجود ہمیں اب تک تنخواہوں کی مد میں کوئی ادائیگیاں نہیں کی گئی ۔
اساتذہ کے مطابق متعلقہ حکام کے کئی چکر لگانے کے باوجود کوئی ہمارا جائز مسئلہ حل کرنے کے لیے تیار نہیں اور متعلقہ افسران صرف اور صرف غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملات کو گول مٹول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اساتذہ نے اعلیٰ حکام اور بالخصوص وزیراعلی سندھ و وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سے تنخواہیں جلد جاری کرنے کی خصوصی اپیل کی۔