گھوٹکی کے کچے میں نجی ملیشیا کی مدد سے سندھ پولیس کا اپریشن، دو ڈاکو ہلاک، دو مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ

سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی کے کچے میں سندھ پولیس نے نجی ہتھیار بندوں کی مدد آپریشن کرکے دو مغویوں کو بازیاب کرا کر مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کی ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 7 زخمی بھی ہوئے، ڈاکو عالم شر اور نذیر شر مارے گئے، کچے کے مختلف مقامات پر ڈاکوؤں سے وقفے وقفے سے مقابلے جاری ہیں۔

سندھ پولیس نے آپریشن کے لیے بگٹی قبیلے کے رضا کاروں سے بھی مدد لی۔

پولیس مطابق آپریشن میں ڈاکو عالم شر اور نذیر شر مارے گئے جبکہ ڈاکو مٹھا شر سمیت 7 ڈاکو زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس نے آپریشن کے دوران دو مغویوں کو بازیاب کروانے کا دعویٰ بھی کیا۔

پولیس کے مطابق دو ماہ قبل کلپر بگٹی کے چیف سردار جلال بگٹی کا بیٹا ڈاکوؤں کی فائرنگ میں ہلاک ہوا تھا، انہوں نے ڈاکووں سے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

کچے کے آپریشن میں نجی ہتھیار بندوں اور ڈاکوؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ کرنے کی ویڈیوز و تصاویر وائرل ہوگئیں اور صارفین نے آپریشن میں نجی اسلحہ برداروں کی مدد لینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی، تاہم بعض نے پولیس کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔