سندھ میں طالبات فرش پر بیٹھ کر بجلی کے بغیر گرمی میں میٹرک کے امتحانات دینے پر مجبور
سندھ حکومت کی جانب سے اربوں روپے کا صوبے بھر کے اسکولوں کو فرنیچر فراہم کرنے کا دعویٰ صرف دعووں تک محدود رہا، صوبائی دارالحکومت کراچی کے ضلع ملیر کے اسکول میں طالبات فرش پر بیٹھ کر میٹرک کے امتحانات دیتی دکھائی دیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ضلع ملیر کے ایک اسکول کی ویڈیو میں میٹرک کی طالبات کو فرش پر بیٹھ کر امتحان دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی اسکول کے دوسرے بلاک کی طالبات امتحان دینے سے قبل امتحانی سینٹر میں ترپال بچھاتی دکھائی دیتی ہیں۔
نہ صرف صوبائی دارالحکومت کراچی بلکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی طالبات اور طلبہ کی جانب سے فرنیچر کے بغیر امتحانات دینے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب سندھ بھر میں امتحانات کے دوران اسکولوں میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بجلی بھی بند کردی جاتی ہے، جس وجہ سے بچے انتہائی سخت گرمی میں پیپر کرنے پر مجبور ہیں۔
سندھ بھر میں سخت گرمی کے اندر لوڈشیڈنگ میں امتحانات دینے والے طلبہ کی حالت غیر ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جب کہ حکومت صرف کھوکھلے اعلانات تک ہی محدود ہے۔