دبئی پراپرٹی لیکس: غریب سندھ کے امیر سیاست دانوں کی بھی دبئی میں جائیدادیں
پاناما لیکس کے کئی سال بعد عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور دیگر طاقتور افراد کی خفیہ دولت کی تفصیلات کے حوالے سے ’دبئی اَن لاکڈ‘ کے نام سے ایک اور لیک سامنے آگئی۔
تفصیلات تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم (آئی سی آئی جے) طرز کے ایک اور تحقیقاتی کنسورشیم آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ (او سی سی آر پی) نے ڈیٹا لیک کی شکل میں جاری کیں۔
دبئی ان لاکڈ کی تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے چوٹی کے امیر افراد کی دبئی میں اربوں ڈالرز کی جائیدادیں موجود ہیں۔
دبئی میں جائیدادیں رکھنے والوں میں درجنوں پاکستانی سیاست، صحافی، اداکار و امیر لوگ بھی شامل ہیں جب کہ اس میں غریب سندھ کے امیر سیاست دان بھی شامل ہیں۔
دبئی میں پراپرٹی کے مالک سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے تینوں بچے یعنی بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن اور اہلیہ کےنام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اسی طرح سابق رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر مظفر ٹپی اور ان کی اہلیہ بھی دبئی میں پراپرٹی کی مالک ہیں۔
مجموعی طور پر فہرست میں سندھ کے 4 ارکان قومی اسمبلی کے نام بھی موجود ہیں۔