گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی قاتلانہ حملے میں زخمی، علاج کے لیے پنجاب کے رحیم یار خان منتقل
گھوٹکی کے صحافی نصر اللہ گڈانی نامعلوم افراد کے حملے میں انتہائی زخمی ہوگئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
نصراللہ گڈانی گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو کے رہائشی ہیں، وہ سندھی روزامہ عوامی آواز سے منسلک ہیں۔
نصراللہ گڈانی کو 21 مئی کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نشانہ بنایا، ملزمان کی فائرنگ سے نصراللہ کو چار گولیاں لگیں اور وہ سخت زخمی ہوگئے۔
نصراللہ گڈانی کو ابتدائی طبی امداد مقامی اسپتال میں دیے جانے کے بعد انہیں پنجاب کے شہر رحیم یار خان منتقل کیا گیا، جہاں آخری اطلاعات کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر تھی۔
نصراللہ گڈانی پت قاتلانہ حملے کے خلاف سندھ بھر کے صحافیوں اور تنظیموں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی اور سندھ حکومت سے ملزمان کو گرفتار کرنے اور زخمی صحافی کو آغا خان اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے اپنے بیان میں کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ نصر اللہ تشویش ناک حالت میں ہے، سندھ خصوصاً گھوٹکی پولیس کا ڈاکوؤں پر تو کوئی کنٹرول نہیں لیکن ایک صحافی پر سر عام فائرنگ کرنے والے ملزمان کو بھی پولیس گرفتار نہیں کر سکی۔
کے یو جے سمیت دیگر تنظیموں نے نصراللہ گڈانی کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے آغا خان اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔