کرغستان میں پھنسے سندھ کے 205 طلبہ وطن پہنچ گئے

کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ وہاں پھنسے سندھ کے 205 طلبہ کو لے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔

سندھ پہنچنے والے طلبہ کا استقبال وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا،کراچی ایئرپورٹ پر طلبا کے اہلخانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج 205 بچے کراچی پہنچے ہیں، سندھ کے مزید 180 طلبا کرغزستان میں ہیں جن میں 6 زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ ان بچوں کے لیے خصوصی پرواز بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کے والدین اور رشتہ دار بھی کراچی ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں موجود ہیں، کرغستان سے پاکستان تک سفر کا انتظام صوبائی حکومت نے کیا اور طلبا کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان سے واپس آنے والے 99 طلبہ کا تعلق کراچی سے ہے، حکومت سندھ بچوں کے والدین اور کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں تھی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کے علاوہ مزید 180 طالبعلم کرغزستان میں ہیں جن میں 6 زخمی ہیں، میں کوشش کر رہا ہوں کہ ان کے لیے خصوصی فلائٹ بھیجوں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کرغزستان سے واپس آنے والوں میں حیدرآباد کے 22، خیرپور کے 13، نوشہرو فیروز کے 15، سکھر کے 12، نواب شاہ کے 12، بدین کے 5، دادو کے 5 طلبہ شامل ہیں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بشکیک سے واپس آنے والوں میں میرپورخاص کے 5، جیکب آباد5 ، ٹنڈو آدم 3، جامشورو، کندھکوٹ، پنو عاقل، تھرپارکر کا ایک ایک، کشمور کے 2 طلبہ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج 205 طلبا کی واپسی ہوئی جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے شامل ہیں، کرغستان سے واپس آنے والے 99 طلبا کا تعلق کراچی جبکہ دیگر طلبا کا تعلق سندھ کے دیگر اضلاع سے ہے۔

اس موقع پر طلبہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ ابھی آپ واپس چلے جائیں جب حالات ٹھیک ہونگے تو بلائیں گے، یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسز ہونگی۔طلبہ نے بتایا کہ بشکیک میں اگر کچھ اچھے لوگ ہماری مدد کرنا چاہ رہے ہیں تو بھی نہیں کر پارہے، پہلے جو ٹکٹ 50 ہزار کا تھا وہ اب ایک لاکھ 70 ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔