قاتلانہ حملے میں زخمی گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی انتقال کر گئے

ضلع گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو میں گزشتہ دنوں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے صحافی نصر اللہ گڈانی کراچی کے نجی اسپتال میں دم توڑ گئے۔

دو روز قبل سندھ حکومت نے زخموں کی نوعیت شدید ہونے کی وجہ سے نصر اللہ کو بہتر علاج کے لئے کراچی کے آغا خان اسپتال منتقل کیا تھا۔

نصر اللّہ گڈانی سندھی اخبار روزنامہ عوامی آواز سے وابستہ تھے، میرپور ماتھیلو میں جان لیوا حملے میں زخمی ہونے کے بعد انہیں پنجاب کے شہر رحیم یار خان لے جایا گیا تھا تاہم طبعیت نہ سنبھلنے پر انھیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 42 مئی کو چلے بسے۔

گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی قاتلانہ حملے میں زخمی، علاج کے لیے پنجاب کے رحیم یار خان منتقل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نصراللہ گڈانی کےانتقال پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نصراللہ کی زندگی بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کئے، تاہم اللہ پاک کو یہی منظور تھا، حکومت نے نصراللہ کو ایئر ایمبولنس کے ذریعے کراچی منتقل کیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نصراللہ کی فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت صحافی نصراللہ کے لواحقین کے ساتھ ہے، اور لواحقین کی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔

دوسری جانب کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) سمیت دیگر صحافتی تنظیموں نے ضلع گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو کے مقامی صحافی نصر اللہ گڈانی پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ اور ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔