دادو، جیکب اباد، لاڑکانہ میں 50 سینٹی گریڈ گرمی، لوڈ شیڈنگ سے لوگ بے حال
سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، دادو، جیکب اباد، لاڑکانہ، شکارپور اور موئن جو دڑو میں گرمی کی شدت 50 سینٹی گریڈ تک جا پہنچی، جہاں لوڈ شیڈنگ کے باعث زیادہ تر لوگ بے حال ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو ،موئن جو دڑو ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور شکارپور کا درجہِ حرارت 50 جب کہ روہڑی اور خیرپور میں 49 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
شہید بینظیر آباد، سکھر، پڈعیدن، چھور اور مٹھی میں 48 اور حیدر آباد میں 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔
دارالحکومت کراچی میں درجہ حرارت 40 تک رہا، تاہم وہں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔
ماہرِ موسمیات جواد میمن کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں گرمی مزید قیامت ڈھا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کی یہ لہر 27 مئی تک جاری رہے گی اور اس دوران سندھ بھر میں درجہ حرارت مزید اوپر جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک میں تین ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے، ان میں ایک لہر ابھی جاری ہے، ایک لہر جون کے اوائل جبکہ آخری جون کے آخر میں آنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری باہر نہ جانے اور پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا ہے۔