مفت درسی کتابوں کے دو ارب کے کرپشن کیس میں معطل سندھ بک بورڈ کے سابق چیئرمین بحال
سندھ بھر میں مفت درسی کتابوں کی عدم فراہمی اور دو ارب روپے کی کرپشن کے الزامات میں نگران سندھ حکومت کی جانب سے معطل کردہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین کو بحال کردیا گیا۔
آغا سہیل پٹھان کو 2 ارب روپے سے زائد رقم جاری ہونے کے باوجود 50 فیصد سے زائد درسی کتب فراہم نہ کرنے کے الزام میں معطل کیا گیا تھا۔
سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین آغا سہیل پٹھان کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تحقیقاتی افسر رفیق احمد برڑو کی سفارش پر بحال کردیا۔
آغا سہیل پٹھان کو نگران وزیر اعلیٰ مقبول باقر نے گزشتہ برس 8 دسمبر کو معطل کیا تھا۔
ان کے خلاف جو چارج شیٹ جاری کی گئی تھی اس میں کہا گیا تھا کہ بجٹ بک کے مطابق 2,530,000,000/ روپے کی رقم مالی سال 2022-23 کے دوران مفت نصابی کتب کے لیے مختص کی گئی تھی۔
محکمہ خزانہ کے مطابق رقم 100% جاری کی گئی تھی لیکن کتابیں فراہم نہیں کی گئیں تھیں۔