سندھ بھر میں شدید گرمی رہنا معمول، بجلی غائب، بچے، خواتین اور بزرگ افراد بے حال
سندھ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنا معمول بن گیا۔
سندھ کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدید لہر کے باعث دن کے وقت بازار اور سڑکیں سنسان رہنے لگی ہیں۔
سندھ کے مختلف شہروں میں 25 مئی کو شدید گرمی رہی، لاڑکانہ میں 49، شہید بے نظیر آباد 47 اور سکھر میں پارہ 48.5 ڈگری رہا ،مٹھی 46.5، حیدرآباد 44.5 اور میرپور خاص میں درجہ حرارت 43.5 ڈگری ریکارڈ کیاگیا،بدین 42.3 اور ٹھٹھہ میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جیکب آباد میں 50 ڈگری کے ساتھ دن بھر شدید گرمی کا راج رہا،دادو 49، خیرپور میں درجہ حرارت 49.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج 26 مئی کو دادو اور موہن جو دڑو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کی پیشگوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ سکھر اور نواب شاہ میں شہری 48 ڈگری کی گرمی جھیلیں گے۔
محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں 37 ڈگری رہنے کی پیشگوئی کی ہے تاہم شدید نمی کے باعث گرمی کا احساس چار سے چھ ڈگری زیادہ ہوگا۔